فہیم اشرف نے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری بال پر وکٹ حاصل کی 

169

سیدپرویز قیصر
فہیم اشرف کے لئے ڈبلن میں آئر لینڈ کے خلاف جاری واحدٹیسٹ کافی اچھا رہا۔ انہوں نے پاکستان کی پہلی اننگ میں170 منٹ میں115بالوں پر9 چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے83 رنز بنائے جو پاکستان کے لئے پہلے ٹیسٹ میں آٹھویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میں صرف اظہر محمود نے سنچری اسکور کی ہے۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف راولپنڈی میں 1997-98 میں جب اپنے ٹیسٹ کیریئرکی شروعات کی تھی تو350 منٹ میں267 بالوں پر 11 چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر128 رنزبنائے تھے۔
پاکستان کی پہلی اننگ میں کوئی دوسرا کھلاڑی فہیم اشرف سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں رہا۔ دائیں ہاتھ کے اس میڈیم فاسٹ بولر کو جب بولنگ کا موقع ملا تو انہوں نے اپنے پہلے اوور کی تیسری بال پر وکٹ حاصل کی۔ انکے شکار پال اسٹیرلنگ بنے جن کو ایکسڑا کور پر بابر اعظم نے کیچ کیا۔
فہیم اشرف ٹیسٹ کیریئر میں پہلی ہی اوور میں وکٹ حاصل کرنے والے پاکستان کے آٹھویں کھلاڑی بنے۔ انتخاب عالم نے ایسا اپنے ٹیسٹ کیریئرکی پہلی ہی گیند پر کیا تھا۔کراچی میں آسڑیلیاکے خلاف جب 1959-60میں انہوں نے پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا تو پہلی ہی بال پرکولین میک ڈونالڈ کو بولڈ کیا تھا۔ انکے علاوہ 19 اور بالروں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بال پر وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کرنے والے پاکستانی بولر شاہد نذیر تھے۔ انہوں نے شیخوپورہ میں1996-97 میں زمبابوے کے السٹیر کمپبل کو چوتھی بال پر اپنا شکار بنایا تھا۔
ٖٖفصل اکبر نے جنوبی افریقا کے خلاف ڈربن میں1997-98 میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا تو انہوں نے اپنے پہلے اوور کی چھٹی بال پر گیری کرسٹن کا وکٹ حاصل کیا تھا۔
محمد سمیع بھی ان پاکستانی بولروں میں شامل ہیں جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کیا ہے۔ اس تیز بولر نے نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ میں2000-01 میں جب پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا تو انہوں نے نیوزی لینڈ کے مارک رچرڈسن کو پہلے اوور کی پانچویں بال پر آؤٹ کیا تھا۔
اس ٹیسٹ میں فہیم اشرف کے ساتھ کھیل رہے تیز بولر محمد عامر نے بھی اپنے ٹیسٹ کیریئر میں چھٹی بال پر وکٹ حاصل کیا تھا۔ گول میں سری لنکا کے خلاف2009 میں انہوں نے ملندا ورنا پورا کا وکٹ حاصل کیا تھا۔
احسان عادل نے2012-13 میں سنچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف تیسری بال پر گریم اسمتھ کو آؤٹ کیا تھا جبکہ محمد عباس2016-17میں کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے کریگ برتھویٹ کو دوسری بال پر آؤٹ کیا تھا ۔ وہ بھی اس ٹیسٹ میں کھیل رہے ہیں۔