قاتل امریکی سفارتکار کرنل جوزف کوفرار کرادیاگیا،

484

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا،پاکستانی شہری کو کچل کر ہلاک کرنے والا امریکی کرنل جوزف پاکستان سے امریکا روانہ ہوگیا۔اسلام آباد میں پاکستان شہری کو کچل کر ہلاک کرنے کے مرتکب امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو دفتر خارجہ کی جانب سے سفارتی استثنا دے دیا گیا جس کے بعد وہ نورخان ائربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے امریکا روانہ ہوگیا۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنل جوزف کو ویانا کنونشن 1961ء کے تحت سفارتی استثنا حاصل ہے،حادثے کے بعد پاکستانی حکام نے امریکا سے درخواست کی تھی کہ کرنل جوزف کو حاصل سفارتی استثنا ختم کیا جائے تاہم امریکا نے سفارتی استثنا کو ختم نہیں کیا جس پر اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرنل جوزف امریکا روانہ ہوگیا۔سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرنل جوزف کے خلاف ویانا کنونشن کے تحت کارروائی کی جائے گی۔خیال رہے کہ ایک روز قبل بھی کرنل جوزف نے امریکا جانے کی کوشش کی تھی اور اس کولینے کے لیے ایک طیارہ آیا تھا تاہم ایف آئی اے نے دفتر خارجہ کی کلیئرنس نہ ہونے پر کرنل جوزف کو پاکستان چھوڑنے سے روک دیا تھا۔واضح رہے کہ 7 اپریل کو گاڑی میں سوار کرنل جوزف نے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے قریب ٹریفک سگنل توڑ کر موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں عتیق بیگ نامی نوجوان موقع پر جاں بحق اور اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا جب کہ پولیس نے سفارتی استثناکے باعث کرنل جوزف کو جانے کی اجازت دے دی تھی۔