ماہ صیام کا چاند دیکھنے کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

216

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )ماہ رمضان المبارک 1439 کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بدھ 16 مئی کو کراچی میں ہوگا۔مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک 1439ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس آج بروزبدھ مورخہ 16 مئی کو بعد نمازِ عصر کراچی میں ہوگا۔ جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں
گے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک بھر میں ضلعی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔ چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔ چاند کی رویت کا شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کرکریں گے۔دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالداعجازمفتی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 15 مئی کی سہہ پہر 4 بج کر48 منٹ پر پیدا ہوگیا جسے 16 مئی بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت لاہورسمیت ملک کے تمام شہروں میں باآسانی دیکھا جاسکے گا، 16 مئی بدھ کی شام پاکستان کے تمام شہروں میں چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زائد ہوگی، جس کی وجہ سے 29 شعبان المعظم کی شام رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کے قوی امکانات ہیں۔خالداعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ نیا چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک اس کی عمر غروب آفتاب کے وقت کم ازکم 19 گھنٹے نہ ہو، اسی طرح چاند دکھائی دینے کیلیے سورج اورچاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق کم ازکم 40 منٹ ہونا چاہیے، یہ فرق پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اورلاہورمیں 58 منٹ جب کہ کوئٹہ اورکراچی میں 60 منٹ ہوگا، سب سے زیادہ فرق گوادر، جیوانی، پنجگور اور تربت میں 61 منٹ ہوگا۔