دنیا بھرمیں دہشت گردی کے پیچھے امریکا اور اس کے اتحادی ہیں، سلیم سرور

161

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں نے غلام محمد آباد، سمن آباد، جھنگ روڈ، گلستان کالونی، مدینہ ٹاؤن، ڈی گراؤنڈ سمیت شہر کی مرکزی مساجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد پر امن احتجاجی مظاہرے کیے، مظاہروں کی قیادت نائب امیر محمد سلیم سرور، امیر زون پروفیسر ملک معراج، میاں عطاالرحمن، میاں زبیر لطیف، چودھری، نوید اسلم، چودھری محمد طارق، محمد آصف انصاری، چودھری عمر فاروق، ملک عثمان خالد، چاند زیب خاں اور دیگر نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کیخلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی اندھادھند فائرنگ سے 60 افراد کی شہادت عالمی برادری اور امن کے علمبردار ممالک، این جی اوز کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت امریکی سفارتخانے کو بیت المقدس منتقل کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس ساری صورتحال پر عالمی برادری کو اعتماد میں لے۔ دنیا کو تیسری صلیبی جنگ کی طرف لے جایا جارہا ہے۔ دنیا بھر میں دہشت گردی کو سب سے زیادہ سپورٹ کرنے والا امریکا اور اس کے اتحادی ہیں۔ اگر امریکا، اسرائیل اور بھارت پُرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ چھوڑ کر پرامن ہوجائیں تو پوری دنیا امن وآشتی کا گہوارا بن جائے گی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کئی بار فلسطینیوں کے لیے ایک الگ ریاست کے حق میں قراردادیں منظور کرچکی ہے جبکہ اسرائیل نے کسی کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹرکی کھلم کھلاخلاف ورزی کی اور مسلسل کرتا چلا آرہا ہے۔ عالمی برادری نے اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کیخلاف متحد ہو کر اقدام نہ اٹھایا تو اسے اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کی شہ ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم دشمن قوتیں اسلام اور مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کفار کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔