رمضان رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، انجم سحر

232

پشاور (وقائع نگار خصوصی) ناظمہ اسلامی جمعیت طالبات پشاور انجم سحر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، قرآن کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی ہم جہنم سے نجات حاصل کرسکتے ہیں، خوف خدا اور خشیت الٰہی کا نام تقویٰ ہے اور روزہ اس تقویٰ کے حصول کا ذریعہ ہے، جو معاشرے سے فساد اور شر کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک استقبالیہ تقریب کے موقع پر کارکنان وذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کارکنان وذمے داران سے خطاب کرتے ہوئے انجم سحر نے کہاکہ روزہ اور رمضان امت محمدؐ پر اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے اور اسی ماہ مبارک میں قرآن کا نزول ہوا جو رہتی دنیا تک انسانوں کی ہدایت کا سرچشمہ ہے، آئیں ہم یہ عہد کریں کہ اس رمضان المبارک میں قرآن کی تعلیمات کو پھیلائیں گے اور اتحاد امت کے لیے نفرتوں اور عناد کو ختم کریں گے۔ قرآن سے تعلق کے ذریعے احتساب نفس کے ساتھ اپنی زندگیوں کے رُخ کو تبدیل کرنے کا عہد ہمارے مصائب کا حل ہے۔