اشیائے خورونوش کی قیمتیں حکومتی اعلانات کا منہ چڑا رہی ہے

153

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر خالد محمود چودھری نے رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش ، پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کی طرف سے رمضان المبارک میں عوام کو سستی اشیا کی فراہمی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں ،اشیائے خورونوش کی قیمتیں حکومتی اعلانات کا منہ چڑا رہی ہے، اگر حکومت عوام کی خیر خواہ اور مخلص ہے تو رمضان المبارک میں گھی ، چینی ، دالوں اور دیگر اشیائے صرف پر سیلز ٹیکس کا مکمل خاتمہ کر کے اشیائے صرف کی قیمتوں میں معقول کمی کرے،ملک بھر کے شہروں اور دیہات میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی تعداد بڑھائی جائے ،سستے رمضان بازار صرف کاغذی کارروائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش میں ایک تو ملاوٹ کا عنصر ہے اور دوسرا ان کا معیار انتہائی ناقص ہے لیکن حکومتی ادارے بالخصوص پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور مجسٹریٹ کہیں نظر نہیں آ رہے جس سے گراں فروش مافیا کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان المبارک میں سحر و افطار ، نماز تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور اس کے ساتھ ساتھ اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ضلعی انتظامیہ ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ذریعے قیمتوں پر نظر رکھنے کے سخت انتظامات کیے جائیں اور گراں فروشوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔