قرآن اور روزہ آخرت میں انسان کی شفاعت کرے گا،میاں محمد جنید

190

اٹک (وقائع نگار خصوصی) رمضان المبارک ماہ قرآن ہے اور قرآن وہ کتاب ہے جو درس انقلاب ہے ،قرآن اور روزہ آخرت میں انسان کی شفاعت کرے گا، روزے کا پیغام یہ ہے کہ دورنگی اور منافقت سے چھٹکارا حاصل کرکے اسلام کا رنگ اختیار کیا جائے، 70برس گزر گئے کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیے جانے والے وطن عزیز پاکستان میں ابھی تک قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں کیا گیا ،نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ دین اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو کر اللہ کے رنگ میں رنگ جائیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی حافظ میاں محمد جنید نے ملک عمر فاروق کے ڈیرے پر ہفتہ وار درس قرآن دیتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر زونل امیر پی پی ون خالد محمود اور امید وار برائے صوبائی اسمبلی پی پی ون محمد اقبال ملک بھی موجود تھے ۔میاں محمد جنید نے کہا کہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے رمضان میں قرآن نازل ہوا جو راہ ہدایت ہے اورحق و باطل کونمایاں کردیتا ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے اور راتوں کو قیام کیا باری تعالیٰ اس کے سارے گناہ معاف فرما دے گا رمضان میں نیکی آسان اور بدی مشکل ہو جاتی ہے شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے لیکن موجودہ حالات میں نیکی خال خال اور بدی عام ہو چکی ہے مومنوں کو جاگنا ہوگاانہیں اللہ کے دین میں یک رنگی اختیار کرنی ہوگی تاکہ شیطانی نظام کو ہمیشہ ہمیشہ کے ختم کر دیا جائے ۔اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لیے کسی بھی جانی و مالی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے اسلامی نظام میں ہی خوشحالی ،سکھ اور امن ملے گا وطن عزیز پاکستان میں ایک مرتبہ پھر الیکشن ہونے والے ہیں یہ ہماری ذمے داری ہے کہ دیانتدار اور اہل قیاد ت کا انتخاب کریں جو کرپشن اور لوٹ مار سے پاک ہو جو سراج الحق کے ساتھی ہوں ایم ایم اے کو ہم نے کامیاب بنانا ہے ایک ایک فرد اور گھر گھر تک جا کر دیانتدار قیادت کے لیے ووٹ حاصل کرنا ہے تا کہ ملک میں اسلامی قیادت جو اہل اور دیانتدار ہو جس سے ملک اسلامی بنے کیونکہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہوگا ۔اس موقع پر امیر زون پی پی ون خالد محمود نے بھی خطاب کیا جبکہ زونل جنرل سیکرٹری پی پی ون ملک عمر فاروق نے افطاری دی۔