پاکستان کے عوام فرسودہ نظام اور سیکولر قوتوں سے تنگ آگئے ہیں، میاں مقصود

211

لاہور (وقائع نگارخصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور صوبائی امیرجماعت اسلامی میاں مقصود احمد کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کو متبادل قیادت فراہم کرسکتی ہے۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام موجودہ فرسودہ نظام اور سیکولر قوتوں سے تنگ آچکے ہیں، وہ پاکستان میں اسلام کا بول بالا اور دینی جماعتوں کو برسر اقتدار دیکھنا چاہتے ہیں۔اب اسلام غالب آئے گا اور اس ملک کی تقدیر بدل کررکھ دے گا۔ملک میں اس وقت عوام میں شدیدمایوسی پائی جاتی ہے۔لوگوں کے لیے امید کی کرن متحدہ مجلس عمل کی صورت میں نظر آرہی ہے۔ہم برسراقتدارآکر ملک وقوم کومایوس نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفترمنصورہ میں متحدہ مجلس عمل کی صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگی کاطوفان برپاہے۔حکمرانوں نے رمضان المبارک سے قبل بڑے بلند وبانگ دعوے کیے تھے۔نہ لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ممکن ہوا اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کا ریلیف میسر آیا۔گرانفروش اور ذخیرہ اندوزدونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواہ کی طرح عام انتخابات میں ایم ایم اے پنجاب،بلوچستان اور کراچی میں بھی بھرپور کامیابیاں حاصل کرے گی۔متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے بعد پورے ملک میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ 2018کے انتخابات میں عوام جھوٹے،مفادپرست اور ظالم حکمرانوں کو مسترد کردیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے پاکستان میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کانظام ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔ایم ایم اے کی کامیابی سے اسلامی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔سودی نظام نے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ایم ایم اے میں شامل تمام دینی جماعتوں میں سے کسی کانام بھی پانامالیکس میں شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہیں۔ایم ایم اے نے ملک وقوم کو خوشحال بنانے کاچیلنج قبول کیا ہے اور ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔