جسارت کا یوم تاسیس

607

19 مئی کو روزنامہ جسارت نے اپنا 48 واں یوم تاسیس منایا اس موقع پر کارکنان جسارت کے اعزاز میں افطار کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب میں پیپلزپارٹی کے سابق وفاقی وزیر پروفیسر این ڈی خان، سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی صاحب، آباد کے سرپرست محسن شیخانی، اسٹار مارکیٹنگ کے واثق نعیم، اے پی این ایس کے سرمد علی اور جسارت کے درجنوں پرستاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر حافظ نعیم، سرمد علی، این ڈی خان اور تقریباً تمام ہی مقررین نے جسارت کی قربانیوں کا تذکرہ کیا کارکنوں کے عزم کا تذکرہ کیا۔ اور یہ حقیقت بھی ہے کہ جسارت قربانیوں عزم مسلسل جہد مسلسل کا ایک ایسا تسلسل ہے جس کا کسی خاص شخصیت کے دم سے کام نہیں چل رہا بلکہ جسارت جس مشن اور نظریے کا نام ہے یہ مشن اور نظریہ لوگوں کو لے کر چل رہا ہے۔ یہ بات بھی حقیقت ہے کہ آج کا میڈیا وہ دکھاتا اور پڑھاتا ہے جو اس کے ایڈورٹائزر پڑھوانا اور دکھانا چاہتے ہیں لیکن جسارت عوام تک وہ پہنچاتا ہے جو ان کو ملنا چاہیے جو انہیں پڑھنا چاہیے جو سچ ہے اور جو حقیقت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سختیاں اور پابندیاں جسارت کے پیچھے لگی رہتی ہیں لیکن جس طرح یہ 48 برس گزرے ہیں اس طرح 50 اور 100 برس بھی گزریں گے۔ انشا اللہ۔ اس ادارے کی کامیابی کی بڑی وجہ اس کے قارئین ہیں اور یوم تاسیس کی مبارکباد کے بڑے مستحق بھی قارئین جسارت ہیں۔