ملکی سلامتی سے کھلواڑ کرنے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں ہوسکتے

119

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل وجماعت اسلامی کے ضلعی سربراہ شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں مذہبی تہواروں کے دوران اشیائے ضروریہ سستی ہوجاتی ہیں لیکن پاکستان میں رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے کے شروع ہوتے ہی ہر طرف مہنگائی کا طوفان امڈ آیا ہے۔ناجائز منافع خور، گرانفروش اور ذخیرہ اندوزعوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے کمر کس چکے ہیں۔ایک طرف حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں غیر سنجیدگی کامظاہرہ کررہی ہے تودوسری جانب رہی سہی کسر کمیشن مافیانے پوری کردی ہے۔مہنگائی پر قابو پانے کے لیے قائم کی جانے والی پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی عملاً غیر فعال ہوچکی ہیں۔حکومت اپنے آخری دنوں میں بھی عوام کا خون پسینہ نچوڑنے میں لگی ہے۔ قوم کواللہ نے عام انتخابات کی صورت ایک بارپھرموقع دیا ہے کہ و ہ کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں سے نجات حاصل کرکے ایک دیانت دارقیادت کا انتخاب کریں ،ملک بھرکے کرپٹ ایک جھنڈے تلے جمع کرنے والے تبدیلی نہیں لاسکتے بلکہ وہ ملک کومزید بدحال کریں گے۔افطارپروگرام سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ کرپشن بے نقاب ہونے پر حکمران عدلیہ اور فوج پر چڑھ دوڑتے ہیں ،ملکی سلامتی سے کھلواڑ کرنے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں ہوسکتے ۔حکمرانوں نے پانچ برسوں میں عوام کو مہنگائی میں300فیصد تک اضافے کاتحفہ دیا۔لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹے دعوے کیے،لاقانونیت اور بے روزگاری کے خاتمے کے دعوے اور وعدے کرتے رہے مگرآج تک ایک بھی وعدہ پورانہیں ہوا۔مزدوروں اور سرکاری ملازمین کے گھروں میں چولہاجلنا مشکل ہوگیا ہے بے روزگاری انتہاکوپہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوان دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی،22کروڑ عوام کاحکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔