پاکستان کو جیالوں اور متوالوں کے بجائے رکھوالوں کی ضرورت ہے

151

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو جیالوں اور متوالوں کے بجائے رکھوالوں کی ضرورت ہے۔ ایم ایم اے اقتدار میں آکر انصاف کا نظام رائج کرے گی۔ چوروں، لٹیروں اور ملکی دولت کو شیر مادر سمجھ کر ہڑپ کرنے والے حکمرانوں کا سر عام احتساب ہوگا ۔عوام کو روزگار، انصاف، تعلیم اور امن فراہم کرے گی، پانچ سال تک برسراقتدار رہنے والوں نے عوام کے لیے تو کچھ نہیں کیا۔ قوم کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عوام کے دکھوں کا مداوا کرسکے۔ صالح اور دیانت دار قیادت ہی عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں انتخابی میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پا نچ برس میں ملکی قرضے دوگنا اور معیشت کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا گیا ہے۔ عوام کو دووقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں رہا ہے جو منافع بخش ہو۔ میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پانچ برس تک اہم پوسٹوں پر جیالوں اور متوالوں کو تعینات کیا جاتا رہا ہے، پوری قوم نام نہاد جمہوریت کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ قوم ملکی سرمایہ لوٹ کر اپنی تجوریاں بھرنے والے حکمرانوں کو آئندہ انتخابات میں مسترد کردے گی۔ انہوں نے کہا ملک میں کرپشن لوٹ مار، دھونس دھاندلی، بھتا خوری، بوری بند لاشیں، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور اقربا پروری کوفروغ ملا۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگربیس کروڑ عوام نے تمام تر وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے نمائندے منتخب نہ کیے تو یہی کرپٹ اور امریکی غلام ٹولہ پھر اقتدار پر قابض ہوجائے گا، عوام ان چہروں کو پہچانیں اور اپنے ووٹ سے صالح افراد کو منتخب کریں۔