رمضان اور قرآن آپس میں لازم و ملزوم ہیں،فاروق اعظم

149

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ زرعی یونیورسٹی کے ناظم فاروق اعظم نے کہاہے کہ رمضان اور قرآن آپس میں لازم و ملزوم ہیں، نزول قرآن کے اس مہینے کو نفاذ اسلام کی جدوجہد کو مہمیز بخشنے کا ذریعہ بنانا ہے۔ شیطان کا سب سے خطرناک حربہ فحاشی ہے، اس کی ذریت سے ابنِ آدم کو ہرلمحے چوکنا رہنا چاہیے ‘رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ انتہائی خوش آئند اور پوری قوم کے دل کی آواز ہے، اس فیصلے پر روح کے مطابق من و عن عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں ہر طرف تشدد اور عدم برداشت کا دور دورہ ہے، دلوں کو جوڑنے اور الفت و انکساری پیدا کرنے کی شدید ضرورت ہے‘چپکے چپکے گڑگڑانے والوں کو اللہ اپنی رحمت میں ڈھانپ لیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے قانون و شریعت کے مقابلے میں کوئی بھی دوسرا نظام اللہ کی نافرمانی اور کفر کے مترادف ہے۔ کائنات کا خالق ایک اللہ ہے تو اس زمین پر حکم اور قانون بھی اسی کا چلے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمان و تقویٰ کے نتیجے میں بستیاں اللہ کے عذاب سے محفوظ ہوجاتی ہیں، اجتماعی گناہوں کی سزا بھی اجتماعی ہوتی ہے۔ ضرور ت اس امر کی ہے کہ انفرادی توبہ و استغفار کے ساتھ بحیثیت قوم بھی ہم اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور اپنے رب کی جانب رجوع کریں۔ ہمارے مسائل اور مشکلات سے نکلنے کا یہی ایک واحد راستہ ہے۔