حکومت کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا حتمی اعلان کرے ،راناعدنان خان

154

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدرراناعدنان خاں نے کہا ہے کہ14 مارچ 1948ء کو قائداعظم ؒ نے کابینہ اجلاس میں میانوالی کے قریب ایک ڈیم بنانے کی منظوری دی تھی جس کو اب کالا باغ ڈیم کہا جاتا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ موجودہ حکومت اور پارلیمنٹ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا حتمی اور ٹھوس حکمت عملی سے اعلان کردے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جانب سے پاکستان کی طرف سے بہنے والے دریاؤں کا پانی روکنے اور دریاؤں کا رخ تبدیل کرنے سے کروڑوں انسانوں‘ حیوانات‘ آبی حیات‘ جنگلی جانوروں‘ چرندو پرند کی زندگی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ وہاں بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے ستلج‘ بیاس اور راوی کا پانی مکمل طور پر روک لیا ہے اب بھارت پن بجلی کی آڑ میں دریائے چناب اور جہلم کا پانی اپنی حدود میں بند کرنے کیلیے سرحد پار گھمسان کی جنگ لڑ رہا ہے جبکہ ہمارے قائدین صرف اپنے اقتدار کی جنگ لڑنے میں ساری توانیاں خرچ کر رہے ہیں ۔ ان حالات میں چیف جسٹس بھارت کی آبی دہشت گردی کے خلاف بھی ازخود نوٹس لیں۔