ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے،جس سے معاشر ہ تباہ ہو رہا ہے

111

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے نجی ٹی وی چینلز کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ٹی وی چینلز کو پانچ وقت کی اذان نشرکرنے اور بے ہودہ پروگرامات کی بندش کے حکم کو نظر انداز کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے تمام الیکٹرونک میڈیا کو رمضان کے دوران ٹی وی چینلز پر نیلام گھر اور سرکس دکھانے کی پابندی پر سکھ کا سانس لیا تھا مگر نو دن گزر جانے کے باوجود عدالت کے احکامات کا تمسخر اڑایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے دیگر امور میں ناکامیوں کی طرح اسلامی شعائرکے تحفظ میں بھی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔حکومت وقت کی ذمے داری ہے کہ وہ اسلامی عقائد کاتحفظ کرے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے،جس سے معاشر ہ تباہ و برباد ہو رہا ہے، ساراسال ناچنے اور گانے والے رمضان المبارک کی نشریات میں سرپہ دوپٹہ اوڑھ کر شلوار قمیص اور واسکوٹ پہن کر ایک نیاروپ دھار لیتے ہیں اور عوام کو دین سکھانے لگتے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایسے کرداروں کی نفی مثبت اقدام ہے۔دینی موضوعات پرجیدعلماکرام کومدعوکیاجاناچاہیے تاکہ اسلام کاحقیقی پیغام عام لوگوں تک پہنچ سکے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔