حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام سے لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے، میاں مقصود

163

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فاٹا انضمام کا بل منظور ہونا تاریخی کامیابی ہے جس کو پوری قوم سراہتی اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جماعت اسلامی نے فاٹا کے عوام کا اہم مسئلہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھرپور انداز میں اٹھایا تھا۔ ہماری کاوششوں کی بدولت آج فاٹا علاقہ غیر سے اپنا بن گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جس طرح فاٹا کے عوام کو انکا آئینی و قانونی حق دیا گیا ہے اسی طرح جنوبی پنجاب کے عوام اور بہاولپور کے لوگوں کو بھی ان کا بنیادی حق دیا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کو مسلسل نظر اندازکیے رکھا جس کی وجہ سے وہاں کے عوام مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں۔ مئی 2010ء میں پنجاب اسمبلی نے بہاولپور صوبہ بحالی اور جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے کی قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کی تھیں مگر بد قسمتی سے ان پر آج تک کسی قسم کاکوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔ حکمرانوں کی عدم توجہ کے باعث جنوبی پنجاب کے عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام سے لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے۔ وسیب کے عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں تمام وسائل کا رخ صرف ایک شہر کی طرف موڑے رکھا۔ جنوبی پنجاب کے عوام میں اس حوالے سے بڑی محرومی پائی جاتی ہے۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیے جانے والے ترقیاتی فنڈز میں بھی کٹوتی کردی جاتی ہے۔ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ اور بہاولپور صوبہ کی بحالی سے وہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔