لارڈزکرکٹ میدان پرپہلی مرتبہ 4 پاکستانی بلے بازوں کی نصف سنچریاں

105

تحریر:سید پرویز قیصر لارڈز کرکٹ میدان پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔اظہر علی نے 209منٹ میں 136بالوں پر6چوکوں کی مدد سے50 رن بنائے جبکہ اسد شفیق142 منٹ میں 100بالوں پر6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے59 رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ بابر اعظم کلائی میں چوٹ کی وجہ سے ریٹائرہرٹ ہوگئے وہ اب اس سریز سے باہر ہوچکے ہیں۔بین اسٹوکس کی بال لگنے سے پہلے تک انہوں نے 160منٹ میں 120بالوں پر10 چوکوں کی مدد سے68 رن بنائے تھے۔ شاداب خان نے 126منٹ میں 85بالوں پر6 چوکوں کی مدد سے52 رن بنائے ۔
یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی بلے باز لارڈزکرکٹ میدان کھیلے گئے ٹیسٹ میں ایک اننگ میں 4 نصف سنچریاں اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ ایساانگلینڈ میں چھٹی مرتبہ اور کل ملاکر12مرتبہ ہوا ہے۔
ایک اننگ میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ 4 نصف سنچریاں کراچی میں1973 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں بنائی تھیں۔پاکستان نے پہلی اننگ 154اوورمیں6 وکٹ پر 445 رن بناکر ڈکلیر کی تھی۔ صادق محمد نے248 منٹ میں 9 چوکوں کی مدد سے 89 رن بنائے تھے۔انتخاب عالم 147منٹ میں 5 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 61 رن بنائے میں کامیاب رہے تھے۔ ماجد خان اور مشتاق محمددونوں99 پر آوٹ ہوئے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ واحد موقع ہے جب2 کھلاڑی ایک اننگ میں صرف ایک رن کی کمی کی وجہ سے سنچری سے محروم رہے۔ ماجد خان نے 335 منٹ میں8چوکوں کی مدد سے 99 رن بنائے تھے جبکہ مشتاق محمد نے 301 منٹ میں 10 چوکوں کی مدد سے ایسا کیا تھا۔انگلینڈ کے ڈینس ایمس بھی اس ٹیسٹ میں99 کا شکار ہوئے تھے۔ ایک ٹیسٹ میں3 کھلاڑی صرف ایک مرتبہ99 کا شکار ہوئے ہیں۔
انگلینڈ میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگ میں 4 سے زیادہ مرتبہ 50 سے بڑی اننگیں1987 میں اوول میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں بنائی گئی تھیں۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں 220.3 اوور میں708 رن بنائے تھے جس میں ایک ڈبل سنچری،2 سنچریاں اور2 نصف سنچریاں شامل تھی۔ جاوید میاں داد نے617 منٹ میں521 بالوں پر28چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے260رن بنائے تھے۔عمران خان نے 256منٹ میں201 بالوں پر11 چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے118رن بنائے جبکہ سلیم ملک 267منٹ میں237 بالوں پر6چوکوں کی مدد سے102رن کی اننگ کھیلے تھے۔ مدثر نذر نے 174منٹ میں142 بالوں پر8 چوکوں کی مدد سے73رن اور اعجاز احمد158منٹ میں97 بالوں پر9چوکوں کی مدد سے69 بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
لارڈز سے پہلے آخری مرتبہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ایسا دبئی میں2015میں ہوئے ٹیسٹ میں کیا تھا تب پاکستان کی پہلی اننگ میں مصباح الحق(102)، اسد شفیق(83)،یونس خان (56) اور شان مقصود(54ٌ) نے50 سے بڑی اننگز کھیلی تھیں۔