سستے بازاروں کے نام پر عوام کو غیر معیاری اشیا فروخت کی جارہی ہیں ، میاں مقصود

91

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ماہ مقدس میں بھی ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز اور سستے رمضان بازاروں میں ناقص اشیا ضروریہ کی فروخت اور قلت کی شکایات عام ہیں مگر بدقسمتی سے انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال اور بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ دکاندار دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ شکایات کے ازالے کے لیے کوئی مؤثر پلیٹ فارم نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے اشیا خورونوش کے من مانے نرخ مقرر کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ روزہ داروں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ پھلوں، سبزیوں اور دیگر اجناس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرے اور اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ حکومت کے رمضان پیکیج کے اثرات بھی پوری طرح عوام تک نہیں پہنچ رہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں مہنگائی بے قابو ہوچکی ہے۔ سستے بازاروں کے نام پر عوام کو غیر معیاری اشیا فروخت کی جارہی ہیں۔ عوامی مسائل میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے روزہ داروں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم اور وزرا کے لوڈشیڈنگ سے متعلق بیانات محض سبز باغ کے سوا کچھ نہیں۔ جب تک حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد رہے گا، عوام کا ان پر اعتماد بحال نہیں ہوسکتا۔