بجلی اور پانی کی عدم فراہمی نے روزہ داروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا

81

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی امیدوار پی پی 115 رائے اکرم خاں کھرل، امیر جماعت اسلامی چودھری سلیم گجر، غلام محمد عطا، میاں افتخار علی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بابرکت مہینے کا پہلا عشرہ مکمل ہوگیا ہے مگر مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تھوک مارکیٹوں، پرچون فروشوں اور رمضان بازاروں میں اشیا ضروریہ کی گراں فروشی کا سلسلہ جاری ہے۔ اشیا خورونوش کی قیمتوں میں سو فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں نے لوٹ مار مچا کر مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو بدحال کردیا ہے۔ رہی سہی کسر لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔ وزیر اعظم اور ان کے وزرا نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے متعدد باردعوے اور وعدے کیے تھے مگر تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ روزہ داروں کو بجلی اور پانی کی عدم فراہمی نے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والاشخص اذیت ناک مسائل اور کرب کاشکارہے، ان کوریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔