ن لیگ نے اداروں کی بہتری کے بجائے کمیشن مافیا کے ہاتھ مضبوط کیے

96

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم خاقان عباسی کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ پانچ برسوں کی کارکردگی رپورٹ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے 2013ء کے انتخابی منشور میں جو وعدے اور دعوے کیے تھے وہ سب ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی صفائیاں دینے کے بجائے حقائق پر مبنی اعدادو شمار پرحکومتی کارکردگی کو قوم کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کے لیے نہ تو روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے اور نہ ہی برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی ترتیب دی جبکہ درآمدات میں ہوشربا اضافہ نے تجارتی توازن کو بھی بری طرح متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت نے اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے بجائے صرف کمیشن مافیا کے ہاتھ مضبوط کیے یہی وجہ ہے کہ نیب پنجاب کی 56 کمپنیوں میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بے قاعدگیوں کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ ملک میں ایل این جی سمیت دوسرے بین الاقوامی تجارتی معاہدوں کو جس طرح چھپایا جارہا ہے وہ حکمرانوں کی بدنیتی کا پتا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے پانچ برسوں میں عوام کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں۔ لاقانونیت کی انتہا ہوگئی ہے۔ عوام کو دو وقت کی باعزت روٹی میسر نہیں۔ صنعتیں تباہ وبرباد ہوگئی ہیں۔ عوام کو صاف پانی تک میسر نہیں۔ امن وامان کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہوچکی ہے۔ قتل وغارت اور جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ غرض ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص متاثر ہوا ہے اور لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ملک وقوم کو متحدہ مجلس عمل جیسی صالح، باکردار قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی سلامتی اور تحفظ کویقینی بنائے ۔ایم ایم اے کامیاب ہوکر ملک وقوم کی خدمت کرے گی۔