اثاثہ جات ریفرنس: شریک ملزم سعید احمد نے بریت کی درخواست دائر کردی

107

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنس میں بریت کے لیے درخواست احتساب عدالت میں جمع کرادی۔ اس حوالے سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے قومی احتساب بیورو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر جواب طلب کرلیا اور سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ سعید احمد کو شریک ملزم کے طور پر ریفرنس میں نامزد کیا گیا
تھا اور ان پر الزام تھا کہ ان کے کھولے گئے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اسحٰق ڈار نے منی لانڈرنگ کی۔ ملزم کی جانب سے دائر کی گئی بریت کی درخواست میں کہا گیا کہ ریفرنس میں ان پر لگائے گئے اختیارات کے ناجائز استعمال کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور ریفرنس میں نیشنل بینک کے صدر پر لگائے گئے اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام کو استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے کسی گواہ کے بیان سے ثابت نہیں کیا جاسکا، اس بنا پر یہ مقدمہ خارج کر کے درخواست گزار کو بری کردیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ جس طرح استغاثہ کے موقف کو مقدس سچ کی طرح سنا گیا ہے اس کے باوجود اس مقدمے میں سعید احمد پر کوئی الزام ثابت ہونے کا امکان نہیں، یہ مقدمہ جہاں عدالت کے قیمتی وقت کے زیاں کا سبب بن رہا ہے وہیں درخواست گزار کو بھی مسلسل پریشانی میں مبتلا کیے ہوئے ہے جو آئین کی شق 10 کی بھی خلاف ورزی ہے۔