حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے

132

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی امیدوار پی پی 115 رائے اکرم خاں کھرل، امیر جماعت اسلامی چودھری سلیم گجر، میاں افتخار علی اور دیگر نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے ورنہ چند روز میں ہونے والے انتخابات میں عوام ان کے امیدواروں کو پکڑ کر گلیوں میں گھسیٹیں گے۔ پانچ سالہ دور اقتدار میں ن لیگ نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوائے کوئی کام نہیں کیا۔ لوگ مہنگائی کی وجہ سے خود کشیاں کررہے ہیں لیکن ن لیگ نے اپنے پانچ سال کے حکومت میں پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے جھوٹے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرجاتی امرا کے مکینوں نے اپنی جاتی حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات میں 7 روپے سے زائد کا ہوشربا اضافہ کیا تو امید ہے عوام ایک ووٹ بھی ن لیگ کو نہیں دیں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا، جس سے ہر شعبہ ہائے زندگی شدید متاثر ہوگا اور اشیا خورونوش سمیت ضروریات زندگی کی تمام اشیا عوام کی پہنچ سے مزید دور ہو جائیں گی۔ عوام دشمن حکومت کو احساس ہی نہیں کہ پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتیں اور کارخانے متاثر ہوتے ہیں، اشیا کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں دیسی صنعتوں کی پیداوار مہنگی ہونے کے سبب فروخت نہیں ہوتی جس کا نتیجہ ملازمین کی بے روزگاری کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔