انتخابات کو ملتوی کرنے کی کوششیں تشویش ناک ہیں، میاں مقصود

93

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملک میں کیئرٹیکرسیٹ اپ کوطول دینے اور عام انتخابات کو ملتوی کرنے کی کوششیں تشویش ناک ہیں۔انتخابات کا التوا جمہوری عمل کے تسلسل میں رخنے ڈالنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔جماعت اسلامی ملک میں بروقت انتخابات کے انعقاد کی حامی ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین وقانون کے مطابق ملک میں25جولائی کو عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایاجائے بصو رت دیگر ملک میں انتشار اور سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کچھ مفاد پرست قوتیں صورتحال کوخراب کرکے وقتی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ جمہوری عمل کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے اس عمل کو سپورٹ کیاجائے۔پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے۔ایک طرف اداروں کے درمیان غیر یقینی کی فضاقائم ہے،نوازشریف معززعدلیہ اورریاستی اداروں کوتنقید کانشانہ بنارہے ہیں تودوسری جانب رہی سہی کسر افواسازفیکٹریوں نے پوری کردی ہے۔عوام میں اس حوالے سے شدید کرب اور اضطراب پایا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے غیر سنجیدہ اقدامات کاخمیازہ آج پوری قوم بھگتنے پر مجبور ہے۔ادارو ں کا احترام ہونا چاہئے۔آپس کی چپقلش کاخاتمہ کرکے ہی جمہوریت کو آگے لے کرچل سکتے ہیں۔ڈکٹیٹروں کی مداخلت سے پاکستان نے ماضی میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کیا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو تباہی اور لاقانونیت کی طرف لے کرجایاجارہاہے۔ہمیں اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔دشمن قوتیں پاکستان کو اندرونی لحاظ سے کمزورکرنے کی غرض سے اپنے آلہ کاروں کااستعمال کررہی ہیں۔سیاسی قیادت کو مثبت وژن کے تحت ملکی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔ملک میں بروقت انتخابات ناگزیر ہیں۔خوش اسلوبی سے اقتدار کی منتقلی سے ہی ملک میں بہتری آئے گی۔ملک وقوم مزیدکسی بھی عدم استحکام کے متحمل نہیں ہوسکتے۔