بیگم منور سلطانہ شیخ، گلستان جوہر
میری رہائش گلستان جوہر بلاک 12 میں واقع ہے، یہ علاقہ کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کی حدود میں آتا ہے یہاں صفائی کا کوئی انتظام نہیں، تجاوزات بے پناہ ہیں، یہاں کے لوگوں نے گھروں کے آگے کی پوری پوری فٹ پاتھ بغیر کسی ڈکار کے گھر کی حدود میں شامل کی ہوئی ہے، راڈو ڈبل روڈ پر دونوں اطراف ’’اسکول مافیا‘‘ نے پوری ایک لین پر پارکنگ بنارکھی ہے، FCB کی حدود میں رابعہ سٹی کے سامنے انتہائی گہرے نالے کی حفاظتی دیوار ٹوٹ کر نالے میں گری ہوئی ہے، نہ دیوار بنائی جاتی ہے اور نہ نالے کی صفائی کی جاتی ہے۔ ان کی حدود میں تمام سروس لین پر پتھارا، ٹھیلا اور ہوٹل مافیا کا قبضہ ہے اور اس پاک صاف بورڈ کے فرشتے اپنا بھتا لینے روزانہ تجاوزات کے ذمے داروں کے پاس پہنچے ہوئے ہیں۔ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں واقع سوسائٹیوں سے FCB کی ملی بھگت سے واٹر بورڈ پانی کی ترسیل کے لیے باقاعدہ رشوت لی جاتی ہے جو لوگ اور جو سوسائٹی ان دونوں اداروں کے منہ میں ہڈی ڈالتے ہیں انہیں دن میں پانی والے دن گھنٹوں پانی کی سپلائی کی جاتی ہے اور جو رشوت نہ دے اُسے اڑتالیس گھنٹے بعد صرف ڈیڑھ دو گھنٹے پانی دیا جاتا ہے۔ بلاک 19، 18 اور 9 میں ہڈی ملنے پر گھنٹوں پانی دستیاب رہتا ہے۔