ملک کی باگ ڈور متحدہ مجلس عمل کو سونپی جائے، میاں مقصود

159

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ ہمارا سفر حق اور سچ پر مشتمل ہے۔ ملکی حالات دن بدن گمبھیر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ پاکستان پر 70 برس سے مفاد پرستوں، ٹیکس چوروں اور امریکی غلاموں کی حکومتیں مختلف رنگ وروپ اختیار کرکے برسر اقتدار رہی ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان نام نہاد نمائندوں سے نجات حاصل کرکے ملک کی باگ ڈور متحدہ مجلس عمل کی محب وطن قیادت کو سونپی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علما اکیڈمی منصورہ میں جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام علما کرام ومشائخ عظام کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، دیوان محمد عظمت، پیر غلام رسول اویسی، پیرزادہ برہان الدین احمد عثمانی، پیر محمود فرید الدین، صاحبزادہ کاشف علی واصف، پیر عثمان نوری، پیر اختر رسول قادری، پیر علی رضا شاہ، پیر طارق شریف زادہ، پیر عاصم سہروردی، پیر شہور عثمانی، پیر بابا حیدر سائیں، پیر محمد حسین گولڑوی، پیر طالب حسین گولڑوی، پیر شاہ محمد ہمدانی، پروفیسر ڈاکٹر طاہر مصطفی، ڈاکٹر حسین پراچہ، سید اسرار بخاری، میاں اشفاق انجم، ملک رمضان روہاڑی، اکرام الحق سبحانی، سید عامر جعفری، محمد فاروق چوہان، نوید احمد زبیری اور دیگر موجود تھے۔ میاں مقصود احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت عروج پر ہے۔ یہ ملک بڑی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے۔ اس کی بنیادوں میں پاکیزہ لہو ہے۔ کتنی ماؤں نے اپنے بیٹے اور کتنی بہنوں نے اپنے بھائی قربان کردیے۔ لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اپنے گھربار مال مویشی چھوڑ دیے۔ آج جس حالت میں وطن عزیز موجود ہے اس کے ذمے دار کرپٹ اور ظالم حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ انتخابات کا مرحلہ بھی آن پہنچا ہے۔ اس وقت پاکستان کے اندر از سر نو وہ قوتیں منظم ہورہی ہیں جو ہمیں اجتماعیت سے محروم کرنا چاہتی ہیں اور مملکت خداد داد پاکستان کو اسلامی انقلاب کی منزل سے دور کرنا چاہتی ہیں۔