کوئٹہ ‘سنجیدی کوئلہ کان میں د ھماکے سے 4کانکن جاں بحق

139

کوئٹہ( نمائندہ جسارت )کوئٹہ کے قریب سنجیدی میں کوئلہ کان حادثے میں4 کانکن جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں ریسکیو کا کام کرنیوالا ایک رضا کار کانکن بھی شامل ہیں۔14 کانکنوں کو بے ہوشی کی حالت میں بچالیا گیا۔امدادی سرگرمیوں کے دوران 11 کانکن بے ہوش بھی ہوئے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق کانکنوں میں 3کا تعلق خیبر پشتونخوا کے علاقے شانگلہ اور ایک کا تعلق بلوچستان کے ضلع مستونگ سے ہے۔ میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔کوئٹہ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کوئلہ
کان حادثات میں جاں بحق ہونیوالے کانکنوں کی تعداد27ہوگئی ہے ۔ بلوچستان مائنز لیبر یونین کے صدر بخت نواب کے مطابق حادثہ کوئٹہ سے تقریباً 40کلومیٹر دور سنجیدی کی یونائیٹڈ مائنز میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب گیس جمع ہونے کے باعث ہونیوالے دھماکے کی وجہ سے پیش آیا۔ دھماکے کے بعد کان کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور4 ہزار فٹ گہرئی میں 17 کانکن اندر پھنس گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی دیگر کانکنوں نے اپنے ساتھیوں کو بچانے کیلیے اپنی مدد آپ کے تحت یہ امدادی سرگرمیاں شرع کردیں۔جدید آلات اور ریسکیو کا تربیت یافتہ عملہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔