بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کیلیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل ، خیبر پختونخوا کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد

161

کوئٹہ/پشاور/لاہور(نمائندگان جسارت+ خبر ایجنسیاں )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت کی نمائندگی بلوچستان عوامی پارٹی کے سابق صوبائی وزراء طاہر محمود،امان اللہ نوتیزئی اور سردار سرفراز چاکر ڈومکی کریں گے ۔ حزب اختلاف کے نمائندوں میں نیشنل پارٹی کے رہنما سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر سابق وزیراعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری اور پشتونخوامیپ کے سید لیاقت علی آغا کریں گے۔ حکومت کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کو نگران وزیراعلیٰ کے لیے 2 نام تجویز کیے گئے ہیں،ان میں ایک نام تو کاروباری شخصیت
علاالدین مری کا ہے جو پہلے ہی حکومت کی ترجیحات میں اول نمبر پر تھے جبکہ دوسرا نام سردار شوکت پوپلزئی کا پہلی بار سامنے آیا ہے۔ شوکت پوپلزئی بلوچستان اکنامک فورم کے صدر ہیں۔ حزب اختلاف کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے سابق سفارتکار اشرف جہانگیر قاضی اور سابق اسپیکر محمد اسلم بھوتانی کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے گئے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی چاروں ناموں میں سے کسی ایک نام پر 3دن کے اندر متفق نہ ہوئی تواس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر نے نگران وزیر اعلیٰ کیلیے الیکشن کمیشن کو 4نام بھجوا دیے ہیں جبکہ اے این پی ،پیپلز پارٹی ور مسلم لیگ ن نے جمعیت علماء اسلام کی جانب سے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے دیے جانے والے دونوں نام مسترد کر تے ہوئے کہاہے کہ جسٹس دوست محمد اور منظور آفریدی جے یوآئی قیادت کے ساتھ قریبی روابط رکھتے ہیں جو اگلے عام انتخابات کی شفافیت پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ،الیکشن کمیشن اگلے دو روز میں نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرے گا ۔ادھر پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے محمود الرشید ، سبطین خان ، شعیب صدیقی جبکہ ن لیگ کے ملک احمد خان ، رانا ثنا اللہ اور عمران نذیر کمیٹی میں شامل ہوں گے۔