مساجد میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد خوش آئند ہے،حافظ زبیر عباسی

137

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام ارکان وکارکنان کے اعزازمیں افطار ڈنر مقامی ہوٹل میں منعقدہواجس میں طلبہ کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ اس موقع پراسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ زبیرعباسی اوردیگرعہدیداران نے بھی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ زبیرعباسی نے کہاکہ طلبہ ماہ رمضان کے آخری عشرے میں اپنے اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ماہ رمضان اللہ کی طرف سے عطا کرہ خصوصی تحفہ اور نیکیوں کا موسمِ بہار ہے، ہمیں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مساجد میں طلبہ اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد خوش آئند ہے۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب ہوتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد قرآن مجید کی تلاوت کے دوران قرآن کے ترجمے اور تفسیر کے مطالعے کو اپنے روٹین کا حصہ بنائیں تاکہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا حکم بہتر طور سمجھ میں آسکے۔ اس کے علاوہ سیرت و احادیث سمیت دینی کتب کے مطالعے سے دین اسلام کو سمجھ کر عمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف کا جو نظام،امن و آشتی کا جو چلن ، حقوق کی فراہمی کا جو سلسلہ اسلام نے ترتیب دیا تھا اور جس کا ایک ہزار سال تک بلا تامل اس دنیا کے بڑے حصے پر جاری و ساری رکھا اس کے مقابلے میں کوئی مثال پیش کرنا نا ممکن ہے۔ اور یہ قرآن کا اعجاز ہے۔ وہی قرآن جو محمد عربی،نبی الامی ﷺ پر نازل ہوا تھا، جو آج بھی ہمارے درمیان بالکل اسی طرح موجود ہے، لیکن آج حامل کتاب ہونے کے باوجود ہم ذلیل و خوار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس رمضان ہم اپنے آپ سے عہد کریں کہ اس قرآن سے اپنے رشتے کومضبوط کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ملک کے گوشے گوشے میں اسی پیغام کو لیے آپ تک پہنچتی ہے، کہ اس قرآن سے جڑ جائیے۔