انتخابات کا التوا جمہوری عمل کے تسلسل میں رخنے ڈالنے کے مترادف ہے

116

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل حلقہ پی پی 112کے امیدوارر راناعدنان خان نے کہا ہے کہ ملک میں کیئرٹیکرسیٹ اپ کوطول دینے اور عام انتخابات کو ملتوی کرنے کی کوششیں تشویش ناک ہیں۔انتخابات کا التوا جمہوری عمل کے تسلسل میں رخنے ڈالنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وطن عزیز کے نوجوان ملک میں بروقت انتخابات کے انعقاد کے حامی ہیں اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین وقانون کے مطابق ملک میں 25 جولائی کو عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایاجائے بصو رت دیگر ملک میں انتشار اور سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔انہوں نے کہاکہ کچھ مفاد پرست قوتیں صورتحال کو خراب کرکے وقتی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ جمہوری عمل کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے اس عمل کو سپورٹ کیاجائے۔پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے۔ایک طرف اداروں کے درمیان غیر یقینی کی فضاقائم ہے، نواز شریف معزز عدلیہ اورریاستی اداروں کوتنقید کانشانہ بنارہے ہیں تودوسری جانب رہی سہی کسر افواسازفیکٹریوں نے پوری کردی ہے۔عوام میں اس حوالے سے شدید کرب اور اضطراب پایا جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے غیر سنجیدہ اقدامات کاخمیازہ آج پوری قوم بھگتنے پر مجبور ہے۔ ادارو ں کا احترام ہونا چاہیے۔آپس کی چپقلش کاخاتمہ کرکے ہی جمہوریت کو آگے لے کرچل سکتے ہیں۔ڈکٹیٹروں کی مداخلت سے پاکستان نے ماضی میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کیا ہے۔راناعدنان خان نے مزید کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو تباہی اور لاقانونیت کی طرف لے کر جایا جا رہا ہے ۔ ہمیں اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔دشمن قوتیں پاکستان کو اندرونی لحاظ سے کمزورکرنے کی غرض سے اپنے آلہ کاروں کااستعمال کررہی ہیں۔سیاسی قیادت کو مثبت وژن کے تحت ملکی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔ملک میں بروقت انتخابات ناگزیر ہیں۔خوش اسلوبی سے اقتدار کی منتقلی سے ہی ملک میں بہتری آئے گی۔ملک وقوم مزیدکسی بھی عدم استحکام کے متحمل نہیں ہوسکتے۔