بدترین لوڈشیڈنگ نے ن لیگ کے ترقی کے دعووں کی حقیقت کھول دی

128

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی امیدوار پی پی 115 رائے اکرم خاں کھرل، امیر جماعت اسلامی چودھری سلیم گجر نے کہا ہے کہملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ نے ن لیگ کے ترقی کے دعووں کی حقیقت کھول دی ہے۔ لوگ تڑپ رہے ہیں، سحری اور افطاری کے وقت روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سابقہ حکمران بڑی ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ کے وہ ذمے دار نہیں ہیں، عبوری حکومت اس کی ذمے دار ہے۔ ان کی اس بات سے ان کے کھوکھلی ترقی کے دعوے عوام کے سامنے آگئے ہیں۔ کیا وہ بجلی ساتھ لے گئے ہیں، ابھی تو انہیں گئے ہوئے ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا۔ ستر سال میں ڈیم نہ بننے کی وجہ سے ملک میں پانی کی قلت کے ساتھ ساتھ توانائی کی بھی شدید کمی واقع ہوگئی ہے، جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دیگر قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ پاکستان کو وافر پانی کی نعمت سے بھی نوازا ہے مگر پانی کے ذخائر تعمیر نہ کر کے حکمرانوں نے ملک کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ پاکستان میں دو لاکھ پچاس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے، جس کی باقاعدہ فزیبلٹی رپورٹیں موجود ہیں۔ حکمرانوں نے محض کمیشن خوری کے لیے بجلی کی پیداوار کا انحصار تیل اور گیس پر رکھا۔ ہائیڈل پاور میں چونکہ کمیشن نہیں، اس لیے فزیبلٹی ہونے کے باوجود سستی بجلی پیدا کرنے کے پاور اسٹیشن قائم نہیں کیے گئے اور نہ ڈیم تعمیر کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے توانائی کے بحران کو ختم کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کرے گی اور اس مقصد کے لیے قومی اتفاق رائے سے نئے ڈیم تعمیر کیے جائیں گے۔