شفاف اور پرامن انتخابات یقینی بناؤں گا، علاالدین مری

139

کوئٹہ (آن لائن) الیکشن کمیشن کی جانب سے منتخب کردہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاالدین مری نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے عہدے پر تعیناتی پر اللہ کا شکر گزار ہوں، اپنی تمام تر توانائیاں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد اور پرامن ماحول میں بہتر ٹرن آؤٹ کے لیے صرف کروں گا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ہماری ترجیح ہے کہ بلوچستان میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایک اصل جمہوری نظام کے قیام کو شرمندہ تعبیر کیا جا کے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ انتخابات کے لیے ایک ایسا متاثر کن ماحول پیدا کیا جائے گا جس میں عوام بے خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ ہمیں امید ہے کہ اس مرتبہ ماضی کی نسبت بہتر ٹرن آؤٹ رہے گا۔