کالا باغ سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر پاکستان کیلیے نا گزیر ہے، میاں مقصود

112

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے ریمارکس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فی الفور ملک میں بڑے آبی ذخائر بشمول کالاباغ ڈیم کی تعمیر، صوبوں میں اتفاق رائے پیداکرنے کے لیے اقدامات شروع کیے جائیں تاکہ ملک میں بجلی اور آب پاشی کے لیے پانی میں کمی کے بحران پر قابو پایا جاسکے۔ کالا باغ ڈیم اور دیگر ڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقا کے لیے ناگزیر ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت ہمارے دریاؤں پر تیزی سے ڈیم تعمیر کررہا ہے جبکہ ہمارے ہاں کالا باغ ڈیم جیسے قومی منصوبے کو سیاست کی نذر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت بھارت آبی جارحیت میں اضافہ کررہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کالا باغ ڈیم کے حوالے سے ملک میں موجود خدشات کو دور کرتے ہوئے قومی اہمیت کے حامل تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ 60 لاکھ ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایا جاسکتا ہے، اس سے خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ پانی کی کمی سے ملکی زراعت شدید مشکلات میں ہے۔ کاشتکاروں کو بر وقت اپنی فصلوں کو سیراب کرنے کے لیے پانی دستیاب نہیں ہوتا ۔ میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دنیا کے تما م ترقی یافتہ ممالک اپنے آبی وسائل کی حفاظت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اختیار کر رہے ہیں اور پانی کو زیادہ سے زیادہ دنوں تک ذخیرہ کر رہے ہیں مگر ہمارے ہاں ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کے ذریعے وقت گزاری ہو رہی ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوں گے۔