ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ملک اندھیروں میں ڈوباہوا ہے

121

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ملک اندھیروں میں ڈوباہوا ہے۔ نااہل حکمرانوں نے وطن عزیز کومعاشی وصنعتی تباہی جیسے بحرانوں میں مبتلا کردیاہے۔ ا ا للہ تعالیٰ نے پاکستان کوبجلی پیدا کرنے کے تمام ذرائع سے نواز رکھاہے لیکن حکمران اپنی غفلت اورلاپروائی کی وجہ سے ان ذرائع سے اپنی ضرورت کے مطابق بجلی پیدا کرنے میں ناکام رہے ہیں،ملک میں اس وقت انرجی بحران کی ذمے دار مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتیں ہیں اگر وہ اس پر پہلے سے منصوبہ بندی کرتیں اور چھوٹے بڑے ڈیم بنائے جاتے تو آج قوم کو لوڈشیڈنگ کی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے انتخابی منشور میں6ماہ میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا مگر پانچ سال گزرنے کے بعد بھی لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی توانائی بحران ویسے ہی شدت کے ساتھ قوم کو درپیش ہے جیسے پچھلے ادوارمیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو انرجی بحران سے نکالنے اور سستی بجلی حاصل کرنے کے لیے حکومت کو متبادل ذرائع پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے۔کوئلے،ہوا اور پانی سے بجلی پیداکرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔جب تک انرجی بحران پر قابونہیں پایاجاتا ،ملک اس وقت تک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم ملکی بقاء کامنصوبہ ہے جسے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت چند مفاد پرستوں نے سیاسی ایشو بنادیا۔ حکومت کالاباغ ڈیم کے حوالے سے تمام فریقین کواعتماد میں لے۔کالاباغ کی تعمیر سے جہاں ایک طرف سستی بجلی حاصل ہوگی وہاں دوسری جانب روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور65لاکھ ایکڑ بنجرزمین کو قابل کاشت بنایا جاسکے گا۔