پاکستان کو ایشین ٹائیگربنانے کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ، میاں مقصود

207

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں نے ملک کو کنگال کرکے رکھ دیا ہے۔کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔بااثر افراد بینکوں سے اربوں کاقرض لے کر کھاجاتے ہیں اورکوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے 54 ارب روپے معاف کروانے والے 222 کمپنیوں اور افراد کیخلاف کارروائی کااعلان خوش آئند ہے مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ کارروائی کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے۔بڑے بڑے مگرمچھ قوم کی خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جب تک ان کامحاسبہ نہیں ہوگا ملک خوشحال ہوسکتاہے اور نہ ہی قوم کامعیار زندگی بہترہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان کرپشن اور کرپٹ عناصر نے پہنچایا ہے۔سابق حکمرانوں کی عاقبت نااندیش معاشی پالیسیوں کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ملک کی 40 فیصد آبادی یومیہ ایک ڈالر کمانے پر مجبور ہے۔ سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاچلا جارہا ہے جوکہ تشویش ناک ہے۔مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے جو دعوے اور وعدے قوم سے کیے تھے وہ سب کے سب ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ 22 کروڑ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی زبوں حالی کے باعث مہنگائی نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔عوام کوکسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔معاشی ماہرین کے مطابق حکمرانوں نے ڈنگ ٹپاؤپالیسیوں کے سواکچھ نہیں کیا۔ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ حکمران شاہانہ اندازحکمرانی چھوڑ کر حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کریں۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ملک ہے۔اللہ تعالیٰ نے معدنیات سے لے کر بہترین جغرافیائی حدودتک سے نوازاہے مگرالمیہ صرف محب وطن قیادت کے فقدان کاہے۔ملک وقوم کوایماندارقیادت میسر آجائے تو پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرسکتاہے۔پاکستان باصلاحیت افراد کاملک ہے جس کی60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ان کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے انہیں ملک وقوم کی تعمیر وترقی کے لیے بروئے کارلانا ہوگا۔