صا ف و شفاف الیکشن نگراں حکومت کا ایک امتحان ہے

172

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے صوبائی امیدوارحلقہ پی پی115رائے اکرم خاں کھرل ،جماعت اسلامی کے امیر چودھری سلیم گجر نے کہاہے کہ صا ف و شفاف الیکشن نگران حکومت کا ایک امتحان ہے۔ سیاسی جماعتوں نے دوبارہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو ٹکٹ دے کر ثابت کردیاہے کہ وہ تبدیلی نہیں چاہتیں بلکہ اسٹیٹس کو کی قوتوں کو ہی عوام کی گردن پر مسلط رکھنا چاہتی ہیں۔ جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا ان کو نوازا جارہاہے۔ کرپشن کے خاتمہ کی چابی اب ووٹر کے پاس ہے۔ متحدہ مجلس عمل نے کسی کرپٹ آدمی کو ٹکٹ نہیں دیا۔مصنوعی اکانومی کے چینلز پر بلند و بانگ دعوے کر کے عوام کو اندھیرے میں رکھا گیا اور معاشی ترقی اور خوشحالی کے اربوں روپے کے اشتہارات دیے گئے لیکن حکمرانوں کے جاتے ہی منصوعی ترقی کے غبارے میں سے ہوانکل گئی اور حکمرانوں نے ڈھٹائی سے کہنا شروع کر دیا کہ ہم نے تو بجلی پوری کر دی تھی اب لوڈشیڈنگ کے ذمے دار نگران حکمران ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا کچومر نکال دیاہے اور بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے رمضان المبارک میں مساجد میں وضو کے لیے پانی دستیاب ہے نہ روزہ داروں کو افطای اور سحری اطمینان سے کرنا نصیب ہوتی ہے۔ ایک ویلفیئر اسلامی ریاست کے بغیر عام پاکستانی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ کئی کئی بار حکومت کرنے والی جماعتوں نے ایک بار پھر وہی امیدوارکھڑے کیے ہیں جو اس ساری صورتحال اور خرابیوں کے ذمے دار ہیں۔ عوام دوبارہ روایتی سیاستدانوں اور بار بار آزمائے ہوؤں کے چنگل میں پھنسنے کے بجائے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں تاکہ ملک سے کرپشن کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جاسکے اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔