قومی خزانہ لوٹنے والوں نے ملک کو کنگال کرکے رکھ دیا

108

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں نے کہا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں نے ملک کو کنگال کرکے رکھ دیا ہے۔کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔بااثر افراد بینکوں سے اربوں کاقرض لے کر کھاجاتے ہیں اورکوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے54ارب روپے معاف کروانے والے 222کمپنیوں اور افراد کے خلاف کارروائی کااعلان خوش آئندہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ کارروائی کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے ۔ بڑے بڑے مگرمچھ قوم کی خون پسینے کی کمائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں جب تک ان کامحاسبہ نہیں ہوگا ملک خوشحال ہوسکتاہے اور نہ ہی قوم کامعیار زندگی بہترہوگا۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان کرپشن اور کرپٹ عناصر نے پہنچایا ہے۔سابق حکمرانوں کی عاقبت نااندیش معاشی پالیسیوں کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ملک کی40فیصد آبادی یومیہ ایک ڈالر کمانے پر مجبور ہے۔سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاچلا جارہا ہے جوکہ تشویش ناک امر ہے۔مسلم لیگ(ن)نے پاکستان کو ایشین ٹائیگربنانے کے جودعوے اور وعدے قوم سے کیے تھے وہ سب کے سب ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔22کروڑ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ معیشت کی زبوں حالی کے باعث مہنگائی نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔عوام کوکسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ معاشی ماہرین کے مطابق حکمرانوں نے ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کے سواکچھ نہیں کیا۔ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلیے ضروری ہے کہ حکمران شاہانہ اندازحکمرانی چھوڑ کر حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کریں۔راناعدنان خاں نے مزید کہاکہ پاکستان و سائل کی دولت سے مالا مال ملک ہے۔اللہ تعالیٰ نے معدنیات سے لے کر بہترین جغرافیائی حدودتک سے نوازاہے مگرالمیہ صرف محب وطن قیادت کے فقدان کاہے۔ملک وقوم کوایماندار قیادت میسر آجائے تو پاکستان دن دگنی رات چوگنی ترقی کرسکتاہے۔پاکستان باصلاحیت افراد کاملک ہے جس کی60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ان کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے انہیں ملک وقوم کی تعمیر وترقی کے لیے بروئے کارلانا ہوگا۔