عامر خان آؤٹ فاروق ستار ان۔ بہادر آباد گروپ میں بڑی تبدیلی کا امکان

283

کراچی(رپورٹ: خالدمخدومی)متحدہ قومی موومنٹ کی اندرونی سیاست میں مزید تیزی آگئی ہے، بہادرگروپ کی جانب سے عامر خان سمیت 3اہم رہنماؤں کوگروپ سے علیحدہ کیے جانے اور فاروق ستار کوپارٹی سربراہ بنائے جانے کے امکانات پید اہو گئے ہیں جب کہ حیدر عباس رضوی اور کنور نوید پی ایس پی کے ساتھ انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسمنٹ کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں ۔باخبر ذرائع کاکہناہے کہ(آج ) پیر کو متحدہ قومی موومنٹ کے انتخابی نشان کے حوالے سے آنے والا فیصلہ متحد ہ کی سیاست میں مزید انتشار کاباعث بنے گا، اگر بہادر گروپ کوملنے والے مختلف اشاروں کے مطابق پتنگ کانشان فاروق ستار کے حوالے کردیاجاتاہے تو بہادر گروپ کے امیدواروں کو پتنگ کے نشان کے لیے فاروق ستار کی منظوری لازمی طور پرلیناہو گی۔باخبر ذرائع کاکہناہے کہ فاروق ستار نے
بہادر گروپ کوواضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ صرف اس صورت میں بہادرگروپ سے معاملات طے کر سکتے ہیں جب وہ عامر خاں سمیت اپنے گروپ کے 3۱ہم رہنماؤں کو علیحدہ کردیں ، جس پر بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے کچھ سرگردہ رہنماؤں نے مشاورت شروع کردی ہے ،ا س بات کا بھی بہت زیادہ امکان پایا جاتاہے کہ اگر انتخابی نشان کے حوالے سے عدالتی فیصلہ فاروق ستار کے حق میںآتاہے تو عامر خان سمیت متحدہ کے 3اہم رہنماوں کو فاروق ستار کے مطالبے پر بہادر آباد گروپ سے علیحدہ کردیاجائے ، ا س صورت میں متحدہ کاایک تیسرا گروپ عامر خان کی قیادت میں سامنے آجائے گا،دوسری صورت میں اگر فیصلہ بہادر گروپ کے حق میں آتاہے تو پی آئی بی گروپ نے ہر صورت میں بہادر آباد گرو پ کاراستہ روکنے کا فیصلہ کرلیاہے جس میں اپنے گروپ کو آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے یا پی ایس پی کی خاموش حمایت کا فیصلہ کیاہے ،فاروق ستار کاپی آئی بی گروپ کراچی کے ضلع وسطی کی چاروں نشستوں پراپنے اثرات رکھتاہے اور ان نشستوں پر وہ اپنے امیدوار کھڑا کرتے یا پی ایس پی کی حمایت کااعلان کرتے ہیں تو اس سے پی آئی بی گروپ کو شدید نقصان کا سامناکرنا پڑے گا۔باخبر ذرائع کادعویٰ ہے کہ متحدہ کے رہنماحیدر عباس رضوی اورکنور نوید متحدہ اورپی ایس پی کے درمیان انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں تاہم مفادات کی سیاست اور شخصیات کے ٹکراؤ کی وجہ سے تاحال اس سلسلے میں کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آسکی ،متحدہ کے دونوں گروہوں اورپی یس پی سے تعلق رکھنے والی شخصیات برسوں ایک ساتھ کام کر نے کے باوجود اب ایک دوسرے کی شکل دیکھنے اور ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار نہیں ہیں،فاروق ستار کے لیے عامر خان ایک خراب ترین شخص ہیں تو مصطفی کمال فاروق ستار کو برے کردار کاحامل قرار دیتے ہیں،کوئی مصطفی کمال کو غدار قرار دیتاہے توکوئی انیس قائم خانی کو سانحہ بلدیہ کاملزم بتاتاہے ۔