حیات آباد کا علاقہ مسائلستان بنا ہوا ہے ،نعیم خان عیسکی

133

پشاور (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات نعیم خان عیسکی نے کہا ہے کہ حیات آباد پشاور آج کل ان گنت مسائل سے دوچار ہے جب سے موجودہ ڈائریکٹر پی ڈی اے نے چارج سنبھالا ہے مسائل میں دو چند اضافہ ہوا ہے۔ آوارہ کتوں کی وجہ سے لوگ تراویح اور صبح کی نماز مسجدوں میں پڑھنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا نکاسی کے سسٹم کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ گندا پانی کھڑا ہونے سے طرح طرح کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ چند افسروں کی سیکورٹی پر مامور ہونے کی وجہ سے گھر تو گھر گلیوں میں بھی راہزنوں کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں بعض گلیاں اور سڑکوں کی مرمت ہوئی لیکن اکثریت ابھی بھی اْسی طرح پڑی ہے۔ صفائی کا عملہ صرف چند گھروں کے خدمت میں لگا ہواہے۔ پانی کا مسئلہ کربلا کا منظر پیش کررہا ہے۔ محکمہ پانی والے پرائیویٹ ٹینکر مافیا سے ملے ہوئے ہیں۔ جو مٹھی گرم کرسکتے ہیں اْن کو پانی ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتوار بازار میں ہر چیز میں گھپلا ہورہا ہے۔ نرخ نامے پر عمل درآمد نہیں ہورہا ،وزن پورا نہیں ،غیرمعیاری چیزیں پی ڈی اے عملے کی سرپرستی میں بکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی ڈی اے عوامی مسائل میں دلچسپی نہیں رکھتے ،وہ مال بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ڈی جی کے فوری تبادلے اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں یہ مطالبہ حیات آباد کے عوام کا ہے۔ اگر حل پر توجہ نہیں دی گئی تو حیات آباد کے عوام مجبوراً سڑکوں پر نکل آئیں گے۔