سردار ظفر خان نے این اے 109 سے کاغذات جمع کرادیے

129

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے این اے 109 سے متحدہ مجلس عمل کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک وقوم کو متحدہ مجلس عمل جیسی صالح، باکردار قیادت کی ضرورت ہے، جو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائے۔ ایم ایم اے مرکز سمیت تمام صوبوں میں بھی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور ملک کو اندھیروں اور مایوسیوں سے نکال کر پائیدار ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن وسنت کی بالادستی، تقویٰ، علم اور خدمت کا پیغام لے کر عوام کے سامنے آئے ہیں اور قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے، لوگوں کے حقوق غصب کرنے، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ الیکشن میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں گے۔ چوروں، رسہ گیروں، جاگیر داروں اور سرمایہ داروں کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے عوام کو متحد ہو کر ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا۔ دینی جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔