لیلتہ القدر عالم انسانیت پر رب کا بیش بہا انعام ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

143

کوئٹہ (آئی این پی ) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ لیلتہ القدر اور نزول قرآن عالم انسانیت پر رب کا بیش بہاانعام ہے، قرآن پاک کی تلاوت کی عادت اپنانی چاہیے لیکن رمضان المبارک اور پھر لیلتہ القدرکی رات میں قرآن پاک کی تلاوت کے فیوض وبرکات کا کوئی حساب نہیں،یہ ان بابرکت وقیمتی دن رات میں صاحب ایمان کا سب سے بہترین وظیفہ ہے، قرآن کریم تمام آسمانی صحیفوں کا خلاصہ اورنچوڑہے ،قرآن کریم انقلابی کتاب اور اندھیروں سے اجالے وروشنی میں لانے والی کتاب ہدایت ہے یہ ہماری ہدایت ورہنمائی کیلیے اتری ہے۔وہ جماعت اسلامی کے صوبائی دفترمیں تحریک محنت کے زیر اہتمام پچیس روزہ فہم القرآن کلاس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں تحریک محنت کے صوبائی صدر سلطان محمد محنتی ، کوئٹہ کے صدرعابد حسین ،جبکہ جماعت اسلامی کے ذمے داران بھی موجودتھے اس موقع پر افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزیدکہا کہ قرآن کریم وہ نورہدایت ہے جو بنی نو ع انسان کو کفر وشرک کی تاریکیوں سے نکال کر ایمان و ہدایت کی روشنی کی طرف گام زن کرتا ہے اور ایسی راہ دکھاتا ہے جو روشن او رواضح ہو۔یہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو صراط المستقیم پر لاکر دین کا سچاراستہ دکھاتا ہے نبی پاکؐ کا ارشاد ہے کہ’’ اللہ تعالیٰ ہر امت کو ایک شرف عطاکرتا ہے اس امت کیلیے سب سے بڑاشرف اور سب سے بڑاسرمایہ افتخار قرآن کریم ہے‘‘ ۔قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام دنیا میں نور اورآخرت میں ذخیرہ ہے ۔اللہ کی کتاب اور نبی ؐکی سنت کو تھامے رکھنے والی والی قوم کبھی گمراہ نہیں ہوسکتی۔قرآن کریم ہدایت ،عمل وتدبر کی کتاب ہے۔ انہوں نے کہاکہ مدینہ منورہ کے بعد اسلامی جمہوریہ پاکستان کو دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست ہونے کااعزازحاصل ہے جو 27رمضان المبارک کی بابرکت رات کو طویل ترین جدوجہد ،بے پناہ قربانیوں اور لاکھوں شہیدوں کے خون کے نتیجے میں وجودمیں آیا ۔ پاکستان اللہ کا بہت بڑاانعام ہے ہم اس ملک کو اسلامی بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔قرآن کریم قیامت تک آنے والے انسانوں کی نجات کیلیے واحد ذریعہ ہدایت ونجات ہے انسانیت کی فوزوفلاح اور آخرت کی نجات کادارومدار کتاب اللہ سے وابستگی ہی میں ہے ایمانیات، عبادات، معاملات، اخلاقیات ، معاشرت،معاشیات ،سائنس و سیاسیات ، ایجادات و مشاہدات ،علمیات و عملیات غرض ہرشعبہ زندگی سے متعلق رہنما اصول اس مقدس کتاب الٰہی میں موجود ہیں ۔ یہ بنی نوع انسان کیلیے خوش گوار اورکامیاب زندگی گزارنے کا ایک مکمل دستور حیات ،ایک مفصل منشور اورایک بہترین عملی دستاویزہے ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو قرآن پا ک سیکھنے ،سکھانے ،پڑھنے اور عمل کی توفیق عطا فرمائیں ۔