زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے خارج، عمران کیساتھ عمرے کیلیے روانہ

144

راولپنڈی (صباح نیوز) عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیا گیا جس کے بعد وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ عمرے پر روانہ ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلفی بخاری کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے عمران خان اور اہل خانہ کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے لیے ایک بجے سعودی عرب روانہ ہونا تھا لیکن ایف آئی اے حکام نے انہیں ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث روک لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب جانے سے روکے جانے کے بعد زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے کافی تگ و دو کی جس میں وہ آخر کار کامیاب ہوگئے اور ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بعد امیگریشن حکام کو احکامات جاری کیے جس کے بعد انہیں سعودی عرب جانے کی اجازت دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نور خان ائر بیس سے چارٹر طیارہ 4 بج کر12 منٹ پر روانہ ہوا اور زلفی بخاری، عمران خان، ان کی اہلیہ اور عون چودھری کے ہمراہ روانہ ہوگئے۔