کرپٹ ٹولے کے ذریعے انقلاب ممکن نہیں ،شمس الرحمن سواتی

160

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)متحدہ مجلس عمل وجماعت اسلامی کے ضلعی سربراہ شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ کرپٹ اوربددیانت ٹولے کوایک جگہ جمع کرکے تبدیلی یا انقلاب نہیں لایاجاسکتا ،قوم کی دولت لوٹ کراس کے بل بوتے پر مٹھی بھرلٹیرے ہرالیکشن میں پارٹیاں اورجھنڈے بدل کرعوام کی آنکھوں میں دھو ل جھونکتے ہیں لیکن اب قو م بیدارہے اوران چوروں کوپہچان چکی ہے ۔یہ لٹیرے کسی بھی انقلابی پارٹی میں چھپ جائیں عوام انہیں بہرصورت مستردکرکے مذہبی اورمحب وطن قوتوں کوووٹ دے کرمسنداقتدارتک پہنچائیں گے ۔وہ این اے 59وپی پی 13سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوارمحمدتاج عباسی کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے قبل جمع ہونے والے کارکنان سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیرامتیازعلی اسلم،ملک محمدالیاس،وائس چیئرمین یونین کونسل رحمت شیخ عبدالحمید سمیت دیگررہنمااورکارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے ۔محمدتاج عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حلقے کے عوام جانتے ہیں کہ ہم ہمیشہ ظلم و جبرکے خلاف ایک چٹان کی طرح کھڑے رہے ،نام نہاد بڑ ے سیاستدانوں کواللہ کی مدداورعوام کی قوت سے باربارشکست سے دوچارکیا اورعوام کی خدمت کی جس کا اعتراف پنجاب کی ماڈل یونین کونسل کی صورت سامنے آیا،علاقے کے عوام جانتے ہیں کہ کون ابن الوقت اوروقتی طورپرسیاست وخدمت کے نعرے لگا رہا ہے اورکون ہمیشہ ان کے دکھ دردمیں شریک ہوتاہے ،ہم ہرلمحہ بیدارہیں اوردولت کی چکا چوندکے بل بوتے پرعوامی مینڈیٹ چرانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دینی اتحاد فروغ پارہا ہے۔اختلافات کی خلیج پاٹ دی گئی ہے۔فرزندان اسلام فروعی اور مسلکی اختلافات سے نکل کر باہم شیر وشکر ہورہے ہیں آنے والے الیکشن میں سیکولر و لبرل ازم کے نعرے لگانے والوں کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دینی قوتوں کا اتحاد قومی اتحاد بن کر ابھر رہا ہے۔پاکستان کے عوام اسلام سے گہری محبت اور وابستگی رکھتے ہیں ۔ اسلام پسند عوام ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے متحدہ مجلس کا ساتھ دیں گے۔متحدہ مجلس عمل مفاد پرستی کی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔ تاج عباسی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سراب کا پیچھا کرنے کے بجائے نظریہ اخلاق او رکردار کو ووٹ دیں۔