راولپنڈی کینٹ وارڈ 4 کے مختلف علاقوں میں پانی بحران شدت اختیار کر گیا

86

راولپنڈی(بی این پی )راولپنڈی کینٹ وارڈ4کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ،شہریوں کا کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی آفس کے سامنے شدیداحتجاج،مظاہرین کی بڑی تعدادنے کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ واٹرسپلائی کے والومینوں اورچارج مینوں کیخلا ف نعرے بازی کرتے ہوئے پانی دو،پانی دوکامطالبہ کیا،عزیزآباد،مغل آباد وارڈ4کے رہائشیوں نے تقریباً ایک گھنٹہ تک کنٹونمنٹ بورڈ آفس میں احتجاج کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سی ای او عمرمعصوم وزیر،ممبر کینٹ بورڈ رشیداحمدخان،انچارج واٹرسپلائی علی کاظمی نے مظاہرین سے مذاکرات کیے ۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ان کے علاقوں کے تمام والومینز اورچارج مینز کو فوری تبدیل کیا جائے جو کہ من پسند اورمخصوص گلیوں کا پانی کھولتے ہیں جبکہ انہیں گزشتہ کئی دنوں سے پانی نہیں مل رہا ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کینٹ کے دیگرعلاقوں کی طرح ہمیں بھی پانی فراہم کیا جائے،جس پر کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے انہیں والومینز،چارج مینز تبدیل کرنے اوربجلی نہ ہونے کی صورت میں جنریٹرچلا کر پانی سپلائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔مظاہرین نے اس موقع پر کہا کہ اگرمطالبات پرعمل درآمد نہ ہواتو عید کے فوری بعد کنٹونمنٹ بورڈ کے دفاترکھلتے ہیں بھرپور احتجاج کریں گے اورکنٹونمنٹ بورڈدفترکا گھیراؤ کریں گے۔