ہائیڈرنٹس پر عوام کے رش کا نوٹس لے لیا، ایم ڈی واٹر بورڈ

249

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو اینڈ ایس بی) کے ایم ڈی خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ واٹر ہائینڈرنٹس پر پانی کے حصول کے لیے رش کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور اس ضمن میں ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ بدھ کو جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پانی کیلیے ہائینڈرنٹس تک پہنچنے کا مطلب یہ ہے کہ ان کے گھروں میں لائنوں کے ذریعے پانی نہیں آرہا حالانکہ میری ترجیح شہریوں کو لائنوں سے پانی پہنچانے کی ہے اور اس مقصد کے لیے لائنوں کی صفائی بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ نے کئی سالوں سے پائپ لائنوں کی صفائی اور ان کا رساؤ بند کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ لیکن اب یہ کام کیا جا رہا ہے۔ خالد شیخ کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ واٹر بورڈ کا تقسیم کا نظام فیل ہوگیا ہے تاہم یہ بات درست ہے کہ شہر کے ضلعی غربی میں حب ڈیم کا پانی خطرناک حد تک کم ہونے کے نتیجے میں وہاں سے صرف 20 ایم جی ڈی پانی کراچی کو مل رہا ہے، جس میں بتدریج کمی بھی آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کی تقسیم کا نظام منصفانہ بنانے کے لیے بلک واٹر لائنوں پر میٹرز کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا ہے اس ضمن میں نئے میٹرز خریدنے کے لیے ٹینڈرز طلب کیے جاچکے ہیں جبکہ پہلے سے موجود میٹر کی تنصیب شروع کی جاچکی ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا ہے کہ پورے نظام میں بہتری ایک ہفتے بعد نظر آنے لگے گی۔ لیکن ضرورت کے مقابلے میں کم از کم 550 ایم جی ڈی پانی کم ملنے کی وجہ پانی کا بحران بڑھ رہا ہے جو کے فور کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد بہتر ہوجائے گا۔ خالد شیخ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ بارش کے لیے نماز استسقا ادا اور خصوصی دعائیں کریں۔ بارش سے حب ڈیم میں پانی آجائے گا تب فراہمی آب کا نظام اچھا ہوجائے گا۔