کراچی ( رپورٹ: محمد انور) صوبائی نگراں حکومت نے سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی خالی اسامی پر اتھارٹی کے سینئر افسر افتخار قائم خانی کا تقرر کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ آغا مقصود عباس کی5 جون کو ریٹائرمنٹ کے بعد سے ڈی جی ، ایس بی سی اے کی اسامی خالی تھی۔ جس کی” جسارت” نے اپنی11 جون کی اشاعت میں اس بات کی نشاندہی بھی کی تھی۔ جمعرات14 جون کو چیف سیکرٹری رضوان میمن نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑنے سے قبل جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے گریڈ21 کے افسر وسینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان افتخار قائم خانی کو ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کا اضافی عہدہ سنبھالنے کی اجازت دیدی ہے۔ نوٹیفیکشن کے اجرا کے بعد قائم مقام ڈائریکٹر جنرل افتخار قائم خانی نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ” اللہ نے موقع دیا ہے اس لیے بلڈنگز قوانین پر عمل درآمد کرانا اور غیر قانونی تعمیرات کو ختم کرانا ان کی ترجیحات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم ورک ہوتا ہے اور ایس بی سی اے میں باصلاحیت، محنتی اور ایماندر افراد کی کمی نہیں ہے۔ افتخار قائم خانی نے بتایا ہے کہ وہ پہلے ورکنگ ڈے میں چارج سنبھال لیں گے کیونکہ انہیں نوٹیفکیشن شام کو ہی موصول ہوا ہے۔