سندھ کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز تبدیل، نوٹیفیکیشن جاری

254

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد سندھ کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرریوں اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، سندھ کی نگراں حکومت نے یہ تبدیلیاں 25 جولائی کے عام انتخابات کو شفاف، آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لیے کی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق ہارون احمد خان کو سیکرٹری داخلہ سندھ، ڈاکٹر نور عالم کو سیکرٹری خزانہ اور خالد حیدر شاہ کو سیکرٹری بلدیات مقرر کیا گیا ہے۔

سندھ کے پانچ بڑے شہروں کے کمشنرز کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے، محمد صالح احمد فاروقی کو کمشنر کراچی، نوید شیخ کو کمشنر لاڑکانہ، احسان منگی کو کمشنر حیدرآباد، اکرم خواجہ کو کمشنر نواب شاہ اور ذوالفقار شاہ کو کمشنر میرپور خاص تعینات کیا گیا ہے۔کراچی کے چھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی تبدیل ہو گئے ہیں، قرۃ العین میمن کو ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی) کورنگی، عابد علی ڈی سی ملیر، صلاح الدین ڈی سی جنوبی، فرحان غنی ڈی سی وسطی، شازیہ عبداللہ ڈی سی غربی اور احمد علی صدیقی کو ڈی سی شرقی تعینات کردیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، چیئرمین اینٹی کرپشن علم الدین بلو، سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز اعجاز میمن اور سیکرٹری بلدیات رمضان اعوان کی خدمات وفاق کے حوالے کردی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری تعلیم سندھ اقبال دْرانی کو سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو تعینا ت کیا گیا ہے۔

بدین کے ڈی سی ڈاکٹر شہزاد طاہر تھہیم کی جگہ آصف جان صدیقی جبکہ ایس ایس پی عرفان علی سموں کی جگہ سرفراز نواز شیخ کو تعینات کر دیا گیا ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ الطاف حسین کو ڈی سی مٹیاری، راجا طارق حسین کو ڈی سی کندھ کوٹ، شازیہ قاضی کو ڈی سی جامشورو، طارق منظور کو ڈی سی دادو تعینات کردیا گیا ہے۔بشیر احمد بروہی ایس ایس پی جامشورو، کیپٹن حیدر رضا ایس ایس پی کندھ کوٹ، امجد شیخ ایس ایس پی نوشہرو فیروز تعینات کردیئے گئے ہیں۔