امریکا نواز قیادت ایم ایم اے کے سامنے نہیں ٹھیر سکتی،سینیٹر مشتاق خان

104

پشاور(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخواکے نائب صدراور امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ایم ایم اے 2018 ء کے الیکشن میں کلین سویپ کرے گی ایم ایم اے کا مقابلہ سیکولر اور لبرل قوتوں کے بس کا کام نہیں کرپٹ اور امریکا نواز قیادت ایم ایم اے کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی۔ ایم ایم اے کی سیاست دنیاوی مفاد کیلیے نہیں ہے بلکہ ہماری سیاست کا مقصد نظام مصطفی اور خوشحال پاکستان ہے ۔ پاکستان جس مقصد کیلیے آزاد ہوا تھا اور جس مقصد کیلیے ہمارے آباؤ اجد اد نے لازوال قربانیاں دی تھیں وہ ایک آزاد ملک میں اسلامی نظام کا قیام تھا انہی مقاصد کو حاصل کرنے کیلیے ایم ایم اے قائم ہوئی ہے اور اقتدار میںآنے کے بعد اس ملک میں نظام عدل کے قیام کے علاوہ قوم کو مفت تعلیم ،روزگار ،صحت ،امن اور گھر کی چھت دے گی ایک آزاد خارجہ پالیسی کی بدولت قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی با عزت واپسی اور قوم کے مجرم کو قرار واقعی سزادے گی۔نام نہاد سیکولراور لبرل اور پارٹیوں پر70 سال کرپشن کے کنگز اور کوئینز(Quines) قابض ہیں ان لبرل اور سیکولر پارٹیوں کی کرپشن کی وجہ سے وطن عزیز آج بنیادی بجلی، گیس، پانی ، سڑکوں تک سے محروم ہے کرپشن کی ان ملکاؤں ، بادشاہوں اور ان کے نالائق شہزادوں اورشہزادیوں نے پوری قوم کے سر پر قرضوں کے انبار اور پہاڑ کھڑے کر دیے ہیں۔ایم ایم اے اقتدار میں آکر باقی تمام دنیا سے باہمی عزت و احترام اوربرابری کے بنیا د پر اچھے تعلقات استوار کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ مجلس عمل pk.44 کے زیر اہتمام سلیم جانی حجرہ ہوٹل مانیری صوابی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر ضلع جماعت اسلامی محمود الحسن ،نائب مرکزی امیر جمعیت علما اسلام (ف)و نامزد امیدوار برائے NA.18 مولانا فضل علی حقانی ،ایم ایم کے نامزد امیدوار برائے pk.44 عثمان شیر ،امیر ضلع جے یو آئی مولانا درویش ،نائب امیر ضلع و ناظم انتخابات سعید زادہ یو سفزئی نے بھی خطاب کیا جبکہ ، ناظم انتخاب برائے pk.44 محمد علی خان ،تحصیل کونسلر ز فاروق خان،ریاض علی شاہ ،اقبال زادہ ،جماعت اسلامی کے زونل امیر سہیل احمد بابر،میا ں افتخار الدین اور واجد علی شاہ و دیگر شریک تھے ۔سینیٹرمشتاق احمد خان نے کہا کہ آ ئین کی اسلامی دفعات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا ، بے زمین کسان اور ہاریوں کیلیے مفت زمین اور بلا سود زرعی قرضے ، بجلی پانی ، بیج کھاد اور زرعی ادویات کی سستے داموں فراہمی کو فوری یقینی بنایا جائے گا۔ نئے ڈیم تعمیر کر کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا، ہر شہری کیلیے تعلیم علاج اور روزگار یقینی بنایاجا ئے گا۔ یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے گا۔ اایم ایم اے ملک کو ترقی کی نئی شاہراہ پر ڈالنے اور تمام بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور نہ ملنے کی صورت میں بے روزگاری الاؤنس اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو بڑھاپا الاؤنس دے گی، نوجوانوں کی صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر اسے بین الاقوامی معیار تک لایا جائے گا، اسپتالوں کامعیار بہترسے بہترین بنایا جائے گا۔ایم ایم اے ہر یونین کونسل میں نوجوانوں کیلیے اسپورٹس اور پلے گراؤنڈز بناکر دے گی۔ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیم کو مفت کرنے کیلیے فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔بنیادی صحت ہر انسان کا حق ہے عوام کو بڑی بیماریوں کا علاج مفت فراہم کیا جائے گا۔اسپتالوں کا معیار بہترین بنا کر ان کو کسی بھی بین الاقوامی ہسپتال کے برابر لایا جائے گا ۔ایم ایم اے قوم کو خوشحال اور قائد کا پاکستان دے گی ۔