امیدوار صوبائی اسمبلی وقار احمد واہلہ کا قتل ایک بڑا سانحہ ہے

96

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوارپی پی 109 انجینئر عظیم رندھاوا نے کہا ہے کہ حلقہ سے امیدوار صوبائی اسمبلی وقار احمد واہلہ کا قتل ایک بڑا سانحہ ہے، محض انتخابی مخالفت میں ایک تعلیم یافتہ نوجوان کاقتل پورے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، الیکشن کمیشن فوری طور پر ایکشن لے کر اس حلقہ میں انتخابی عمل کو ملتوی کروائے تاکہ مقتول خاندان کو صدمے سے نکل کر دوبارہ انتخابی عمل میں آنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس قتل میں ملوث ہیں وہ ان کے الیکشن میں حصہ لینے سے خوفزدہ تھے اس لیے ان کے خاندان کے کسی بھی فردکے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے الیکشن کا ملتوی ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل ہی ایک امیدوار کا قتل ایک بہت بڑی سازش ہے جس سے صوبے بھر میں امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ نگران حکومت کو فوری طور پر اس پر توجہ دینی چاہیے تاکہ الیکشن سے پہلے کسی بڑے سانحہ سے بچا جاسکے۔ انہوں نے مقتول کے گھر جاکر لواحقین سے اظہار تعزیت اور مغفرت کی دعا کی۔