این اے 59 اور 62 پر مجلس عمل کے امیدواروں کا فیصلہ ہوگیا،(مولانا عبدالغفار اورطارق منیر الیکشن لڑینگے)

121

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے نے راولپنڈی ضلع کی مزید دو قومی اسمبلی کی نشستوں کا باہمی مشاورت اور خوش اسلوبی کے ساتھ فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلے کے مطابق این اے 59 کی نشست جمعیت علماء اسلام (ف) اور این اے 62 جمعیت علماء پاکستان کو الاٹ کر دی گئی ہے۔ ایم ایم اے ضلع راولپنڈی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر شمس الرحمن سواتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں این اے 59 کے متعلق اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ ممتاز عالم دین اور جے یو آئی(ف) کے رہنما مولانا عبد الغفار توحیدی ایم ایم اے کے امیدوار ہوں گے ٗ جبکہ جماعت اسلامی کے محمد تاج عباسی اپنے کاغذات رضا کارانہ طور پر واپس لے لیں گے۔ علماء کرام نے ایم ایم اے کی طرف سے مولانا عبد الغفار توحیدی کو این اے 59 سے امیدوار نامزد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ اس کے علاوہ ایم ایم اے صوبہ پنجاب کے پارلیمانی بورڈ میں جمعیت علما اسلام (ف) کے نمائندے نے این اے 62 راولپنڈی شہر کی نشست جمعیت علما پاکستان کے نمائندے کو دینے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے ۔ اب صوبائی پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کے مطابق این اے 62 پر جمعیت علماء پاکستان کے نمائندے طارق منیر بٹ ایم ایم اے کے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ضلع کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے باہمی مشاورت سے فیصلوں پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے ایم ایم اے کے قائدین کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوشگوار ماحول اور باہمی رضامندی سے فیصلے کرنے پر ایم ایم اے میں شامل جماعتوں کے عہدیداران کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایم ایم اے کے تمام ٹکٹ ہولڈروں کی الیکشن مہم بھر پور انداز میں چلائیں گے۔