آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کے سامنے بند سڑک کھولنے کا حکم

187

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کے سامنے بند سڑک کو ایک ہفتے میں کھولنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس شوکت صدیقی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے جمعے کو اسلام آباد میں تجاوزات ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ وزارت دفاع کے جوائنٹ سیکرٹری محمد یونس عدالت میں پیش ہوئے۔جس پر جسٹس شوکت صدیقی نے کہا کہ عدالت نے تو سیکرٹری دفاع کو
طلب کیا تھا وہ کیوں پیش نہیں ہوئے۔وزارت دفاع کے جوائنٹ سیکرٹری محمد یونس کا کہنا تھا کہ اہم سرکاری مصروفیات کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ شاید سیکرٹری دفاع عدالت میں پیش ہونا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ سڑک کیوں بند کی گئی ہے توانہوں نے جواب دیا کہ سی ڈی اے کی مشاورت سے اس شاہراہ کو بند کیا گیا تھا۔عدالت نے جب اس حوالے سے دستاویز پیش کرنے کو کہا تو جوائنٹ سیکرٹری محمد یونس نے کہا کہ مشاورت زبانی ہوئی تھی جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ ان کے پاس سڑک بند کرنے کا کوئی اجازت نامہ نہیں ہے۔بینچ کے سربراہ نے محمد یونس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ ملک سے شدت پسندی کا خاتمہ کر دیا گیا اور اگر ایسا ہے تو پھر اس سڑک کو کھولا کیوں نہیں جاتا ہے؟عدالت کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے دی گئی قربانیوں سے انکار ممکن نہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنا بھی عدالت کی ذمہ داری ہے۔بینچ کے سربراہ نے وزارت دفاع کے جوائنٹ سیکرٹری سے کہا کہ وہ اپنی حدود میں بے شک سیسہ پلائی دیوار تعمیر کر لیں اس پر عدالت کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن شاہراہ کو اب سیکورٹی کے نام پر مزید بند نہیں رہنے دیا جائے گا۔عدالت نے سی ڈی اے حکام کو حکم دیا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر خیابان سہروردی کو خالی کرائیں اور ایسا نہ ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔جس کے بعد عدالت نے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ خیابان سہروردی اسلام آباد کی سب سے پرانی شاہراہوں میں سے ایک ہے۔ اس شاہراہ پر آئی ایس آئی کے ہیڈ کوارٹر کے علاوہ اسلام آباد کی آبپارہ مارکیٹ بھی قائم ہے۔ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں 2005ء میں اس شاہراہ کے دو کلو میٹر حصے کو بند کردیا گیا تھا جہاں آئی ایس آئی کا ہیڈ کوارٹر واقع ہے۔