حکمرانوں کی وجہ سے قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا

102

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امیر میاں عبدالستار بیگا، رانا نعیم اکرم نے کہا ہے کہ قوم کو بار بار ڈسنے والے اژدھوں نے پاکستان سے اس کا عزت و وقار چھینا اور قوم کو عالمی ساہوکاروں کے ہاتھ فروخت کیا۔ آج قومی ادارے گروی رکھے ہیں۔ کرپٹ قیادت کو صرف لوٹ مار کرنا آتی ہے، قومی ترقی کا کوئی وژن نہیں۔ ان کی داخلہ و خارجہ پالیسیاں اور معاشی منصوبہ بندی بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ کرپٹ قیادت کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا اور آج باقی ماندہ مسائل کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کی وجہ سے قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ آج پورا ملک بدامنی اور انتشار کی آما جگاہ بنا ہوا ہے۔ قوم کو سبز باغ دکھانے والوں نے اپنی سات پشتوں کے لیے دولت جمع کرلی ہے اور عام آدمی دو وقت کے کھانے کو ترس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہیں اور جنہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے وہ اقتدار کے ایوانوں پر مسلط ہونا چاہتے ہیں۔